پشاور17جون، (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے سانحہ عمرزئی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لیے ان کے آبائی گا ﺅں علی جان کلے چارسدہ کا دورہ کیا۔
گذشتہ روز آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان عمرزئی میں تین بھائیوں کے ایک ساتھ قتل ہونے کے سانحے پر مقتولین کے ورثاء سے ملنے علی جان کلے پہنچے. انہوں نے مقتولین کی روح کے ایصال ِثواب اور انکے بلند درجات کے لیے دعا کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ سید عدیل شاہ اور ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان بھی آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے مقتولین کے ورثاء اور بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور ان کی دلجوئی کی۔ وہ مقتولین کے بچوں سے بھی ملے ان سے شفقت و پیار کا اظہار کیا۔آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس غم میں انکے کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قتل میں ملوث باقی ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر ِکردار تک پہنچایا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے. لواحقین نے بھی آئی جی پی اور چارسدہ پولیس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
وی این ایس پشاور