اسلام آباد ، 26 جون ( اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی ایک بیانیہ نہیں ہے، ان کا ایجنڈا عمران خان سے بغض ، حسد اور عداوت ہے اور جیسے جیسے قانون کی بالا دستی ہو گی اس عداوت میں اضافہ ہوتا جائے گا ۔
اپوزیشن جماعتوں کے کل جماعتی کانفرنس سے متعلق اپنے بیان میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی سی کی شاہکار فلم سکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی ہے۔ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہاپوزیشن عوام کو درپیش مشکلات کی جوابدہ ہے ۔اپوزیشن ذاتی مفاد، بینک اکاؤنٹس اور اس میں ریلیف چاہتی ہے جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بات کر رہی ہے ، ملکی معیشت اور عوامی مفاد کو اپوزیشن کو ذاتی مفاد کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیئے، حکومت کے سامنے عوامی مفاد اور ملکی خدمت ہے جبکہ اپوزیشن اپنے اپنے مفاد کیلئے اکھٹی ہو رہی ہے اور اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی سی کے ایجنڈے سے عوام کو کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی عوام کو اس سے کوئی ریلیف ملے گا بلکہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔
وی این ایس، اسلام آباد