مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لےکر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

239

اسلام آباد ، 28 جون ( اے پی پی ): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے بغیر خودمختاری کا تصور بے معنی ہے ۔ حکومت نے طویل مدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور نتیجہ خیز فیصلے کیے لہٰذا حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے سب کو مل کر ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  معاشی استحکام کے بغیر خودمختاری کا تصور بے معنی ہے، مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لےکر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ’قومی معیشت‘ پر سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک قوم بننے کا ہے، ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے، مشکل حالات میں کوئی فرد واحد قومی اتحاد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، مشکل فیصلے کرنے سے مختلف ممالک معاشی بحران سے کامیابی سے نمٹے، ماضی قریب میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب مختلف ممالک کو اس طرح کےچیلنجز کا سامنا رہا، معاشی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، ان شااللہ ہم ان مشکل حالات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔

تقریب سے معاون خصوصی برائے  خزانہ  ڈاکٹر عبدالحفیظ  شیخ  اور  چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بھی خطاب کیا۔

سورس : وی این ایس، اسلام آباد