اسلام آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی(:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت یورپی پارلیمنٹ کی رکن ماریہ خان نے کی۔
ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے، پاکستان نے چار دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی تاہم افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے جو بڑا چیلنج ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاکستان نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا اور علاقائی امن کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، دنیا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہے جو ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی برادری موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرے، پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہے، پارلیمنٹ میں شمسی توانائی کا استعمال اور گرین پارلیمنٹ پاکستان کے ماحول دوست عزم کی عکاس ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ ویمن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، قومی اسمبلی میں چائلڈ رائٹس کاکس بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، اقلیتی پارلیمانی اراکین کا پارلیمنٹ میں کردار قابل ستائش ہے اور تمام ادارے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے پاک-یورپی یونین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ پارلیمانی روابط کو فروغ دینا چاہتا ہے، پارلیمانی روابط سے باہمی تجربات اور معلومات کا تبادلہ ہوگا اور دونوں کے پارلیمانی روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں۔
یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان کا خطے میں قیام امن کے لیے کردار قابل ستائش ہے، پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے، یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی قوم ایک ثابت قدم اور پرامن قوم ہے۔











