وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ،خیبرپختونخوا کے مالی بجٹ 2019-20کی نمایاں خصوصیات بارے بریفنگ

288

اسلام آباد ،10 جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کے روز یہاں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان کوخیبرپختونخوا کے مالی بجٹ 2019-20کی نمایاں خصوصیات کے بارے میںبریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ مالی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری کے لئے اقدامات کیے جائیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس سے صوبے کے ساتھ انضمام شدہ قبائلی علاقوں کا ترقیاتی مرحلہ متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انضمام شدہ قبائلی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ صوبائی سطح پر مالی وسائل پیدا کرنے کے لئے بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے بجٹ سفارشات کو سراہا جس کا مقصد پی ایم آفس سمیت وفاقی حکومت کے دفاتر کے اخراجات میں کمی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باعث بچت کو ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن محمد ارباب شہزاد، وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان، وفاقی سیکرٹری برائے خزانہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس ، اسلام آباد