اسلام آباد ، 27 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے کینسر کا خاتمہ کر چکے ہیں، محفوظ اور بدلتے ہوئے پاکستان کے ساتھ قانون اور آئین کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی اور ہم آہنگی سے آگے بڑھ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کے بعد اب ہم نے ایک قوم ہو کر معاشی دہشت گردی کا اسی عزم کے ساتھ مقابلہ کر کے کامیابی حاصل کرنی ہے۔ دنیا کو پر امن بنانے کے لئے ہم نے اپنے آپ کو مشکل میں ڈال کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔
وہ جمعرات کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں پاکستان پیس کلیکٹیو کے زیر اہتمام پینٹنگز کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، برٹش کونسل کی ڈپٹی ہیڈ آف مشنز رچرڈ کروڈر، پی پی سی کے سربراہ شبیر انور، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ کے علاوہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے معاشرے کے تمام شراکت داروں کا ایک پیج پر یکجا ہونا ناگزیر ہے، معاشرے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان پیس کلیکٹیو کا اہم کردار ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ 100 منٹ کی تقریر پر ایک تصویر حاوی ہوتی ہے۔ نمائش میں حصہ لینے والے طلباءو طالبات نے محنت اور لگن کے ذریعے اپنا پیغام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہی واحد معاشرہ ہے جو امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے چیمپئن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان واحد ملک ہے جس نے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، دنیا کو اعتراف کرنا ہو گا کہ پاکستان نے عالمی امن اور استحکام کے لئے یہ قربانیاں دی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں اپنی قومی زبان اردو کا بھی تحفظ کرنا ہو گا، کسی سے مرعوب ہونے کے لئے کسی دوسری زبان میں اپنا پیغام پہنچانے کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کھلے دل سے تمام ایشوز پر بات کی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہر چیلنج کا مل کر مقابلہ کریں گے، تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قیادت، صلاحیت، استعداد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع کے لحاظ سے ایسی جگہ پر ہے کہ پوری دنیا کو اپنی طرف متوجہ کئے ہوئے ہے، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن، افغان مہاجرین کی میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیئے ہیں، 35 لاکھ افغان مہاجرین اس وقت پاکستان میں آئے جب افغانستان میں خون بہہ رہا تھا، پاکستان کے عوام نے دل کھول کر ان کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوص ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے کبھی بھی مسائل کو پیچھے نہیں چھوڑا، مشکل وقت میں قومی ایکشن پلان اور پیغام پاکستان کی دستاویز اتفاق رائے سے منظور کیں اور اس پر اب بھی عملدرآمد جاری ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیت کی جانب سے اکثریت کی سوچ کو گروی رکھنے کے کلچر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جب قوم اکٹھی ہو کر نکلتی ہے تو وہ ہر قسم کی مشکلات کو روندتے ہوئے کامیابی کی منازل طے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جب سے اقتدار سنبھالا، ان کے دل میں غریب اور پسے ہوئے عوام کا درد ہے، وہ غریب عوام کے ریلیف کے لئے ہر محاذ پر جدوجہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قومی خزانے کو اس طرح لوٹا جس طرح کسی غیر کی چیز کو استعمال کیا جاتا ہے، اس کا خمیازہ موجودہ حکومت اب بھی بھگت رہی ہے، قرضوں پر سود اور کرپشن میں اربوں روپے ہڑپ کرنے کا حساب لینے کا وقت آ چکا ہے۔ پی پی سی کے سربراہ شبیر انور نے شرکاءکو بتایا کہ ملک بھر کی 25 پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلباءو طالبات نے اس نمائش میں حصہ لیا جس میں سے نمایاں پوزیشن لینے والوں کی تصاویر پینٹنگز میں آویزاں کی گئی ہیں، ہمیں اس نمائش کے لئے ایک ہزار پینٹنگز موصول ہوئی تھیں، ان پینٹنگز کا عنوان عطیات سوچ سمجھ کر دینے، مذہبی ہم آہنگی، امن، برداشت تھا۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ نے نمائش میں شرکت پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔
وی این ایس اسلام آباد