ٹور ڈی خنجراب کے دوسرے مرحلے میں غیر ملکی ٹیموں کی شمولیت خوش آئند ہے: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

300

گلگت، 27 جون (اے پی پی) : وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی سطح پر تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے نہ صرف ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ٹور ڈی خنجراب کے دوسرے مرحلے میں غیر ملکی ٹیموں کی شمولیت خوش آئند ہے، آئندہ سال زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ٹیموں کو شرکت کیلئے مدعو کریں گے۔

سٹی پارک گلگت میں ٹور ڈی خنجراب سائیکلنگ ریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ خنجراب ٹور ڈی سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ جمعرات سے شروع ہوگیا ہے جو 4 مرحلوں پر مشتمل ہوگا، ایونٹ میں سری لنکا، افغانستان کی ٹیموں سمیت پاکستان کی 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت جہاں ٹورازم کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے وہاں کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح دنیا بھر کے سیاح گلگت بلتستان کی سیاحت کو پسند کرتے ہیں اسی طرح ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہ سائیکلنگ ریس میں بھی دلچسپی ظاہر کریں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا، ڈپٹی سیکرٹری قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان، وائس چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، کابینہ کے اراکین، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے حکام، کمشنر گلگت بلتستان، ملکی و غیر ملکی سائیکلسٹس کے علاوہ مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

 

سورس؛ وی این ایس گلگت