وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قطر کے نائب وزیر اعظم ،وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر بات چیت

270

اسلام آباد،22جون(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نور خان ایئربیس پر قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی  سے ملاقات کی ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے قطری ہم منصب کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور قطر کے امیرشیخ تمیم  بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان اور قطر  کے تعلقات ہمیشہ قریبی اور  دوستانہ رہے ہیں ۔ پاکستان قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔رواں سال جنوری میں وزیراعظم عمران خان نے قطر کا دورہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے قطر کی قیادت سے بات چیت ہوئی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قطر میں ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد پاکستانی قطر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ قطر میں مقیم یہ پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے  ہیں ۔

 انھوں نے  کہا  کہ قطر پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم ڈھائی ارب ڈالر سے زائد سطح تک پہنچ چکا ہے اور گزشتہ کچھ عرصے میں باہمی تجارت کے  حجم میں  نمایاں اضافہ ہوا ہے۔امیر قطر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

قطری وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ قطر  پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ دو ہزار بائیس کے فیفا ورلڈ کپ کےلیے قطر پاکستان سے ایک لاکھ سے زائد افرادی قوت درآمد کرنے کا خواہاں ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد