پاکستانی نژاد اراکین کی یورپی پارلیمنٹ میں موجودگی  سےپاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا: شاہ محمود قریشی 

371

بیلجیم (برسلز)25جون(اے پی پی ): وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد اراکین کی یورپی پارلیمنٹ میں موجودگی جہاں پاکستانیوں کو مین سٹریم میں لانے میں مددگار ثابت ہو گی وہاں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو گی ۔ وزیر خارجہ  نے بتایا کہ یورپین پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہونیوالی سماعت اور متفقہ قرارداد  سےکشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوئی ۔ انہوں نے کشمیر کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستانی نژاد پارلیمنٹیرینز کا کردار قابل تحسین   قرار دیا۔

ان خیالات کا اظہار   وزیر خارجہ   نے  پاکستانی نژاد یورپی پارلیمان کی رکن بیرونس نوشینا مبارک  سے برسلز میں ملاقات میں کیا۔دوران ملاقات پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دو طرفہ تعلقات ، کشمیر کاز کیلئے ممبران یورپی پارلیمنٹ کی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوشینا مبارک نے وزیر خارجہ کو اپنی ،پاک  برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری فورم (پی بی ٹی آئی ایف) کی چیئرپرسن  کی حیثیت سے کی جانے والی  کاوشوں سے بھی آگاہ کیا ۔

شاہ محمود قریشی نے حالیہ انتخابات میں بیرونس نوشینا مبارک کو یورپی پارلیمنٹ کا  کارکن منتخب ہونے  پر مبارکباد بھی  دی۔

وی این ایس، اسلام آباد