پنجاب حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود ترقی و خوشحالی کا ضامن بجٹ پیش کیا: فردوس عاشق اعوان

225

لاہور،14 جون(اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مشکل ترین حالات کے باوجود ترقی اور خوشحالی کا ضامن بجٹ پیش کیا۔یہ بجٹ پنجاب میں بسنے والے تمام محنت کش افراد کے دلوں کی ترجمانی کرےگا۔

پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے قبل پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور تحریک انصاف کے تمام کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ موجودہ حکومت انتہائی مشکل ترین حالات کے باوجود ایک ایسا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تخت لاہور فنانس سسٹم کا قیدی تھا اور 100 ارب روپے خسارے کا بجٹ پیش کرکے چلے گئے جبکہ موجودہ حکومت مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں۔ وہ صوبہ جو ہمیشہ خاندانی شہنشائیت اور ظل سبحانی کے زیر سایہ غلامی کی زندگی گزارتا رہا آج وہاں عثمان بزدار نے پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیکر ثابت کر دیا ہے کہ صرف ترقی یافتہ شہروں کے مسائل کی تدارک کی پالیسی نہیں بلکہ صوبہ کے کونہ کونہ میں جانا چاہئے، یہ بجٹ پنجاب میں بسنے والے تمام محنت کش، مزدوروں اور سب کے دلوں کی ترجمانی کریگا اور عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں صاف پانی کا نام لینے والوں میں صاف پانی سے اپنے ہاتھ صاف کئے اور خزانے کو بھی صاف کیا۔ دفتروں میں بیٹھ کر خزانے کو صاف کرتے رہے اب انشاءاللہ ایسا نہیں ہو گا۔ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور سپیشل افراد کو وی آئی پی افراد بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لاہور بار ایسوسی ایشن ، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور وکلاءایکشن کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے کالے کوٹ کا ساتھ دیا اور کام کو جاری رکھا جبکہ ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی اور آئینی معاملات کو اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی اکھاڑے کی نظر نہیں کرنا چاہئے۔ ایسے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ موجودہ حکومت عدالتی سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے اور جلد انصاف کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ 70 سالہ نظام جس میں انصاف کیلئے دھکے کھانا پڑتے ہیں کو بہتر کیا جا سکے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اپوزیشن ہمیں عدالتوں کے احترام کی بات کرتی ہے انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کن کو لیکچر دے رہے ہیں ۔عمران خان عدلیہ بحالی کیلئے ہراول دستہ تھے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے اور وہ بہتر فیصلہ کر رہا ہے لہذا جس کا جو اختیار ہے اسے بااختیار ہی رہنے دیں۔ محسن داوڑ اور علی وزیر دہشت گردی کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں اور ان کے سہولت کاروں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے قرضوں پر موجودہ حکومت سود ادا کر رہی ہے جس پر روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے اور یہ وقتی طور پر ہے عنقریب روپے کی قدر میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے تاہم ان کے دور میں جتنے بھی مشیر اور وزیر تھے انہیں اگر کمیشن نے طلب کیا تو انہیں حاضر ہونا ہو گا۔

سورس: وی این ایس ، لاہور