سرمایہ کاری کے حوالے پاکستان ایک آئیڈیل ملک ہے ،انوسٹمنٹ کے حوالے سے بے شمار مواقعے موجود ہیں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز

467

ریاض (سعودی عرب )،01جولائی(اے پی پی): پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے پاکستان ایک آئیڈیل ملک ہے جس  میں انوسٹمنٹ کے حوالے سے بے شمار مواقعے موجود ہیں اور اس سےاوورسیرز پاکستانی بھی بہتر انداز میں فائد دہ اٹھاسکتے ہیں۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سمندرپار پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے سعودی عرب  کے دارلحکومت ریاض میں پاکستان ایگزیکٹو فورم کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں سمیت معروف کاروباری اور دیگر اہم افراد نے شرکت کی۔

پاکستان ایگزیکٹو فورم کے صدر منیر احمد شاد نے کہا کہ پاکستان نے جہاں ہمیں شناخت اور پہچان دی ہے وہیں اب ہمارا فرض بھی بنتا ہے کہ ہم بھی ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

شیخ جواد احمد اور محمد غزالی نے شرکاء کو تقریب میں ایگزیکٹو فورم کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں بے شمار ملٹی نیشنل کمپنیاں سرمایہ کاری کرکے فوائد حاصل کر رہی ہیں اسی طرح اوورسیرز پاکستانیوں کو بھی چاہئیے کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

تقریب کے آخر میں فورم کی جانب سے سفیر ِپاکستان اور دیگر افراد کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئیں۔

وی این ایس،ریاض