وزیراعظم عمران خان سے  اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے کی  ملاقات

195

اسلام آباد ، 31 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے نے بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں  وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کیا اور  غذائی قلت کے باعث نشوونما کے مسائل کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے  کہا کہ حکومت اس مسئلہ سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ اس مسئلہ کی وجہ سے ملک کی نوجوان آبادی کی نشوونما پر بہت گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ضم ہونے والے علاقوں کی ترقی کے لئے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈز مختص کئے ہیں۔ حکومت کے اہم ترین ”احساس“ پروگرام کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس پروگرام کے مختلف اہم نکات کو اجاگر کیا اور اقوام متحدہ کے اداروں کی طرف سے فراہم کئے جانے والے تکنیکی تعاون کو سراہا۔ آبادی میں اضافہ کے معاملہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کا معاملہ بنیادی طبی نگہداشت اور بنیادی تعلیم سے جڑا ہوا ہے، اس لئے حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

 وزیراعظم نے بلین ٹری سونامی کے منصوبہ کی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 10 ارب درخت لگانے کے منصوبہ سے ملک میں ماحولیاتی تبدیلی پر پڑنے والے منفی اثرات پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی اور اس سلسلے میں یہ انتہائی اہم منصوبہ ثابت ہوگا۔ نیل بوہنے نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ کے ادارے حکومت کی طرف سے کی جانے والی ان کوششوں میں اپنا بھرپور تعاون اور مدد فراہم کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیل بوہنے نے وزیراعظم عمران خان کو اچھے طرز حکمرانی، صحت، تعلیم، ترقی نوجوانان، آبادی پر کنٹرول اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے جیسے امور کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکومتی اداروں اور وزارتوں کے ساتھ اشتراک کے بارے میں آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے وزیراعظم عمران خان کے وژن اور موجودہ حکومت کی طرف سے ماضی میں نظر انداز کئے گئے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

 انہوں نے خاص طور پر حکومت کی طرف سے غذائی قلت کے باعث نشوونما کے مسائل، بنیادی طبی نگہداشت میں بہتری، ماحولیاتی تبدیلی کے خراب اثرات کے خاتمہ کیلئے 10 ارب درخت لگانے کے منصوبہ اور ملک میں غربت کے خاتمہ کے لئے جامع پروگرام ”احساس“ کے آغاز کے لئے کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔

ملاقات میں میں وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن محمد حماد اظہر اور وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔

وی این ایس، اسلا م ٓباد