وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

530

اسلام آباد، 08 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہو۔ اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے قانونی، انتظامی و دیگر معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو ہاؤسنگ منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ سب سے اہم پروگرام ہے جس سے نہ صرف ملک میں گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معاشی عمل تیز ہوگا اور ہنرمندوں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم آمدنی والے افراد اور غریب خاندانوں کا اپنی ذاتی رہائش کے حصول کاخواب پورا ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ منصوبے میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی کے عمل میں بھرپور طریقے سے حصہ لے سکیں۔

اجلاس میں وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم،وزیر آبی وسائل فیصل واؤڈا،مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،  رکن صوبائی اسمبلی علیم خان ، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر)انور علی حیدر،  ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر ملک، چئیرمین سی ڈی اے عامر علی احمدو دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

 وی این ایس، اسلام آ باد