وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ائیر پورٹس کے بہتر انتظام، خصوصاً مسافروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

384

اسلام آباد، 08 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ائیر پورٹس کے بہتر انتظام، خصوصاً مسافروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو  ملکی ہوائی اڈوں کے بہتر انتظامات خصوصا مسافروں کو ائیر پورٹس پر سیکیورٹی، امیگریشن و دیگر مختلف ضروری مراحل کے دوران پیش آنے والے مختلف مسائل  اور انکے حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری، سیاحت کا فروغ اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے۔۔ ائیرپورٹس پر کرپشن کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اختیار کی جائے۔ مسافروں کے لئے مسائل پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ  ائیر پورٹس پرمتعین مختلف اداروں کے درمیان کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو مختلف مراحل کے دوران کسی قسم کی  کوئی دقت نہ ہو۔

 اجلاس میں وزیرِ داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ،  سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان،  سیکرٹری نارکاٹیکس کنٹرول امجد جاوید سلیمی، سیکرٹری ہوابازی شاہ رخ نصرت، ڈی جی اینٹی نارکاٹیکس فورس میجر جنرل محمد عارف، ڈی جی ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس میجر جنرل ظفر الحق، ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن و دیگر سینئر افسران  نے شرکت کی ۔

 وی این ایس، اسلام آباد