وزیر اعظم عمران خان  کا نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا افتتاح

506

اسلام آباد ،15 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم  عمران خان نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب میں  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لئے ہاﺅسنگ سکیمیں بنتی تھیں، پہلی مرتبہ حکومت کم آمدنی والے طبقات کے لئے ہاﺅسنگ سکیم شروع کر رہی ہے، اندرون و بیرون ملک سے سرمایہ کاری کرنے والوں کو دعوت دے رہے ہیں، اس سلسلے میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، چھوٹی کمپنیاں بنا کر کاروبار شروع کرنے والوں کی معاونت اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ گھروں کی تعمیر کے لئے فنانسنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لئے نیا آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بناءپر ہمارا بینکنگ نظام گھر بنانے کے لئے فنانسنگ نہیں کر رہا تھا، اس صورتحال میں صرف وہی لوگ گھر بنا سکتے تھے جن کے پاس وسائل تھے۔ اس بارے میں نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ منگل کو منظوری دے گی۔ اس آرڈیننس سے گھروں کی تعمیر کے لئے فنانسنگ کا عمل آسان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد نئے گھروں کی ضرورت ہے۔ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت ہم نے بے گھر افراد کے لئے گھر بنانے ہیں۔ ملک بھر میں گھروں کی کتنی ضرورت ہے، اس بارے میں معلومات لیں گے، اسی حوالے سے یہ رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت لوگ اپنے وسائل سے آگاہ کریں گے کہ وہ کتنی ماہانہ رقم دے سکتے ہیں، پھر ان وسائل اور استعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم یہ سکیمیں شروع کریں گے۔

  وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات ہر ایک کو معلوم ہے کہ اس سکیم کے اجراءسے چالیس صنعتوں کو براہ راست فائدہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انگوری میں 10 ہزار گھروں کی تعمیر کے لئے قرعہ اندازی کی جائے گی اور ڈیڑھ سال میں قرعہ اندازی میں جن لوگوں کے نام نکلیں گے، انہیں گھر مل جائیں گے، اس کے علاوہ کوئٹہ، لاہور، گوادر، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت سکیمیں شروع کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن دوسرا مرحلہ ہے جس کے تحت ڈیٹا بیس جمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گھروں کے لئے فنانسنگ 0.2 فیصد ہونے کی وجہ سے یہ شعبہ پیچھے رہ گیا ہے، اس شعبہ میں اندرون و بیرون ملک سرمایہ کاروں کو دعوت دے رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ تعمیرات کا شعبہ ترقی کرے اور اس میں زیادہ لوگ آئیں، ہاﺅسنگ ترقی کرتی ہے تو اس سے وابستہ صنعتیں بھی ترقی کرتی ہیں۔

قبل ازیں نادرا کے ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس ذوالفقار علی نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کے لئے رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے پہلے مرحلے کا آغاز اکتوبر 2018ءمیں کیا گیا۔ ابتدائی طور پر 7 اضلاع میں رجسٹریشن شروع کی گئی اور اس دوران تقریباً 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس اسکیم کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے چیلنجز اور وزیراعظم کی ہدایات کے پیش نظر رجسٹریشن کے لئے ویب پورٹل کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور رجسٹریشن کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کی ای۔سہولت سے سمندر پار پاکستانیوں کو بھی آسانی ہوگی۔ اس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے ملک میں ہاﺅسنگ کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، یوسف بیگ مرزا، ندیم افضل چن، وفاقی سیکریٹری ہاﺅسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر عمران زیب خان اور نیا پاکستان ہاﺅسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین انور علی حیدر بھی موجود تھے۔

 یاد رہے کہ موجودہ حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آن لائن رجسٹریشن سے ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے لئے قطاروں میں لگنے کی جھنجٹ ختم ہوگی۔ آن لائن رجسٹریشن سے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کیلئے درخواست دی جا سکے گی۔ ایک خاندان سے ایک ہی فرد آن لائن رجسٹریشن کرا سکے گا۔ نیا پاکستان ہاﺅسنگ کیلئے پہلے سے درخواستیں جمع کرانے والوں کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہو گی۔ پہلے سے جمع کرانے والے 7 اضلاع کے 5 لاکھ درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی ہوگی۔ رجسٹریشن کا عمل تین ماہ تک جاری رہے گا۔

وی این ایس اسلام آباد