وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی لابنگ فرم “ہالینڈ اینڈ نائٹ” کے نمائندہ ،ٹام ریلنڈز سے ملاقات

213

واشنگٹن 20 جولائی (اے پی پی):  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نیویارک سے معروف رپبلکن رہنما ، سابقہ ممبر کانگریس اور امریکہ میں صف اول کی لابنگ فرم “ہالینڈ اینڈ نائٹ” کے نمائندہ  ٹام ریلنڈز سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات   میں امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور لابنگ فرم “ہالینڈ اینڈ نائٹ ” کے مابین معاہدہ پر  دستخط  ہوئے۔

اس  موقع  پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے امید ظاہر کی کہ یہ لابنگ فرم ،امریکہ کے سیاسی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے  ،پاک امریکہ تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرئے گی۔انہوں نے  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہء امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید  کہا کہ “ہالینڈ اینڈ نائٹ ” لابنگ فرم میں وسیع انتظامی تجربہ کے حامل ماہرین اور بالخصوص ٹام ریلنڈز جیسے وسیع تجربہ کے حامل سابق ممبر کانگریس کی موجودگی انتہائی خوش آئند ہے۔

ٹام ریلنڈز نے “ہالینڈ اینڈ نائٹ ”  لابنگ فرم پر اعتماد کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انکی فرم  باہمی دلچسپی اور  احترام پر مبنی دو طرفہ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے، پاکستانی سفارت خانے کو  ہر ممکن معاونت فراہم کرئے گی۔

وی این ایس، واشنگٹن