وفاقی کابینہ نے عوامی مفاد کے لیے بنائی جانے والی حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

229

اسلام آباد،02 جولائی ( اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منگل کے روز   کابینہ اجلاس کے  بعد وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کے ہمرہ  پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ وفاقی کابینہ نے 13 نکاتی ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے عوامی مفاد کے لیے بنائی جانے والی     حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حاجیوں کی سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ہمارا مقصد اس حج کو اسکینڈل فری حج بنانا ہے اسی لیے دیانتدار وزیر کا انتخاب کیا گیا۔معاون خصوصی نے  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلی حج فلائٹ کا افتتاح جمعہ کو کریں گے جو اسلام آباد سے روانہ ہو گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی مفاد کے لیے اقدامات کر رہی ہے اسی لیے زبیر گیلانی کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا گیا اور شمالی کوریا کے ساتھ ویزوں کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ بدقسمتی سے جو لوگ منی لانڈرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں وہ پروڈکشن آرڈر لے لیتے ہیں جبکہ منی لانڈرنگ میں ملوث لوگ جیلوں میں اے کلاس لیتے ہیں۔ پروڈکشن آرڈر پر آنے والے لوگوں کی بجٹ اجلاس میں صفر کارکردگی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترجیحات طے کرنے اور اس کے قانون کو صوبائی حکومتوں سے مل کر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور اجلاس میں سی ڈی اے کے خصوصی آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ جہاں مرزا کو ایم ڈی نجکاری بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ 40 ہزار کا پرائز بانڈ لینے والے کو رجسٹریشن کرانا ہو گی۔

اسٹیل مل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری نہیں کی جا رہی ہے تاہم اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلایا جائے گا، سابقہ ادوار کی ناقص پالیسیوں سے پاکستان اسٹیل ملز جیسے ادارے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ بزرگوں کی سہولت کے لیے سینئر سٹیزن کونسل قائم کی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو پارٹنر شپ میں لایا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ وزیر اعظم نے حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات دینے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا جس کے مطابق پاکستانیوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اس بار پچیس سے تیس ہزار حجاج کرام کو  تجرباتی طور پر یہ سہولت حاصل ہو گی جس کے تحت انہیں ایئر پورٹ کے اوپر ہی امیگریشن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودیہ کا 61 رکنی عملہ اس حوالے سے پاکستان آ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پچیس سے  اٹھاون ہزار روپے حجاج کرام کو واپس کیے جائیں گے۔ اس بار ایک لاکھ پچھتر ہزار  سے بڑھ کر دو لاکھ حجاج کرام فریضئہ حج ادا کریں گے۔

سورس: وی این ایس، اسلا م آباد