اب تک 12 کروڑ 20 لاکھ شناختی کارڈ جاری کرچکے ہیں:وزیر خارجہ کو چیئرمین نادرا کی بریفنگ

359

اسلام آباد ، 28 اگست ( اے پی پی ):  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے نادرہ ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ کیا ہے جہاں پر انہیں ادارے کے  حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی،چیئرمین عثمان مبین نے بتایا کہ نادرا نے اب تک 12 کروڑ 20 لاکھ قومی شناختی کارڈ جاری کئے ہیں جب کہ ایک ارب بیس کروڑ فنگر پرنٹس کا ڈیٹا بھی نادرا کے پاس موجود ہے۔

بدھ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چیئرمین نادرا کی دعوت پر نادرا ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،وزیر خارجہ نے ادارے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور عملے کی کارکردگی پر انہیں سراہا ۔ وزیر خارجہ کو بریفنگ میں چیئرمین نادرا  عثمان مبین نے بتایا کہ  نادرا گوادر سے سیاچین تک اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے، ملک میں نادرا کے 593 سینٹرز  ہیں جبکہ گیارہ سفارتی مشنز میں بھی دفاتر موجود ہیں ، دس میگا سینٹرز میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم لگایا گیا ہے۔ عثمان مبین نے مزید بتایا کہ  کینیا ،سوڈان ،نائجریا اور فجی میں نادار کے پروجیکٹس چل رہے ہیں  جبکہ  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی  الیکٹرونک ووٹنگ کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ قومی ادارہ اب تک 12 کروڑ 20 لاکھ افراد کو شناختی کارڈ جاری کرچکاہے جبکہ دنیا کا سب سے بڑا فنگر پرنٹس ڈیٹا بھی نادرا کے پاس  ہے۔

اس موقع پر  وزیر خارجہ شاہ محمود نے نادرا کی کاردگی کو سراہا اور کامیابیوں پر چیئرمین اور دیگر سٹاف کو مبارکباد پیش کی،انکا کہنا تھاکہ  35  ہزار سے زائد لوگوں کا  اب تک ای ویزہ کی سہولت سے مستفید ہونا بڑی  کامیابی ہے۔

 وی این ایس ، اسلام  آباد