اسلام آباد،09اگست(اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقتصادی زونز کی جلد از جلد فعالیت اور ان میں بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفراسٹرکچر جیسی مختلف سہولتوں کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے ملک میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کی موجودہ صورتحال، زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی اور ان کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت نہ صرف صنعتی عمل کو تیز کرنے اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس سے نوجوانوں اور ہنرمندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے بھی خصوصی اقتصادی زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر خصوصی بریفنگ دی۔وزیرِ اعظم نے خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور ان میں سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کے مابین موثر روابط کو یقینی بنانے کے لئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کو فوکل پرسن مقرر کیا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی، گیس، پانی و دیگر سہولتوں کی دستیابی کے سلسلے میں ٹائم فریم مقرر کرکے وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ مدت میں طے شدہ اہداف کوحاصل کیا جائے۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، صوبائی سیکریٹری صاحبان اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
وی این ایس ، اسلام آباد