وزیر اعظم عمران خان سے ورلڈ ٹورازم فورم کے وفد کی ملاقات، پاکستان میں2020 ء میں پانچ روزہ ورلڈ ٹورازم فورم کے انعقاد کا فیصلہ

284

اسلام آباد، 09 اگست (اے پی پی):   وزیر اعظم عمران خان سے ورلڈ ٹورازم فورم کے وفد کی ملاقات میں پاکستان میں2020 ء میں پانچ روزہ ورلڈ ٹورازم فورم کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں تقریبا ایک ہزار غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان سے ورلڈ ٹورازم فورم کے وفد نے جمعہ کو یہاں  صدر ایگزیکٹو بورڈ ورلڈ ٹورازم فورم بولوت بیگس کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا  گیا کہ2020 ء میں ورلڈ ٹورازم فورم کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے گا جو پانچ دن جاری رہے گا۔ پاکستان میں منعقد ہونے والے فورم میں تقریبا ایک ہزار غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔

 وزیر اعظم نے وفد کو پاکستان میں سیاحت کے  مواقع کے بارے میں تفصیلی  طور پر آگاہ کرتے ہوئے  کہا کہ سیاحت کے مختلف شعبوں خصوصا ماؤنٹین ٹورازم، مذہبی ٹورازم، ساحلی سیاحت و دیگر شعبوں میں بے انتہا استعداد موجود ہے جس کو برؤے کار لانے پر توجہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاحت کے فروغ  پر کوئی توجہ نہیں دی گئی تاہم موجودہ حکومت سیاحت  کے فروغ کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی  ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اس بات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ قدرتی حسن اور ماحولیات کے تحفظ اور سماجی اقدار کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر آٹھ نئے سیاحتی مقامات بناے جائیں گے۔

ملاقات میں معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔

وی این ایس ، اسلام آباد