حکومت نے ریاست مدینہ کے وژن کی روشنی میں صحت سہولت اور ”احساس” پروگرام شروع کئے ہیں: وزیراعظم عمران خان

201

اسلام آباد ، 17 اگست (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے معاشرے کے کمزور طبقات کی بہبود اور حقوق کی پاسداری کو  ریاست کی بنیادی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریاست مدینہ کے وژن کی روشنی میں غریب اور کمزور طبقات کی بہبود کے لئے صحت سہولت اور ”احساس” پروگرام شروع کئے ہیں، پاکستان کو ایسی اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں رحم، انسانیت اور انصاف ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں خصوصی افراد کے لئے صحت سہولت کارڈ کے اجراء کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے خصوصی افراد میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کئے۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افراد کی طرح قوموں کا بھی وژن ہوتا ہے، پاکستان بھی ایک وژن کے تحت بنا جس سے ہم دور چلے گئے، ہمیں اس وژن کی طرف واپس آنا ہے اور نوجوان نسل کو اس وژن سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ وژن تھا جس کے تحت پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر فلاحی ریاست بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ایک ماڈل ریاست تھی جس کے تمام نظریات مثالی تھے، انسانیت اور انصاف کے دو نظریات پر مدینہ کی ریاست قائم تھی جو انسانی معاشرے کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں سنت نبوی ۖ پر عمل پیرا ہونے کا حکم دیا ہے اور اسے کامیابی کا راستہ قرار دیا ہے، نبی کریم ۖ دنیا کی کامیاب ترین شخصیت تھے اور دنیا کی 100 بڑی شخصیات میں سرفہرست تھے اس لئے ہمیں ان کی شریعت پر چلنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام ہم نے جلد بازی میں شروع نہیں کیا بلکہ پوری طرح سوچ سمجھ کر اس کا آغاز کیا ہے اور اس پروگرام کے لئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو سہولت دینے کے لئے ایک نظام کے تحت آگے بڑھیں گے۔  انہوں نے کہا کہ 25 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں اس لئے لازم ہے کہ ایسے لوگوں کے لئے ‘احساس’ پروگرام جیسے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سہولت کارڈ کے ذریعے ایک شخص کو سات لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج معالجہ کا بیمہ دیا جاتا ہے، آج خصوصی افراد کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس پر ڈاکٹر ظفر مرزا خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر ہفتے کابینہ کے اجلاس میں ہر وزارت کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی وزارت کی طرف سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرے گی اور ہر وزارت بتائے گی کہ اس نے ایک عام آدمی کی بہتری کے لئے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت خدمات ڈاکٹر ظفر مرزا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر خصوصی افراد کے لئے صحت سہولت پروگرام کے اجراء پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ اقدام خصوصی افراد کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی سہولت پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، یہ اقدام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد