نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے:خطبہ حج

262

مکہ،10   اگست ( اے پی پی ): مسجد نمرہ کے امام الشیخ محمد بن حسن نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے،مسلمان سیاسی طور پر اپنے آپ کو مضبوط کریں ۔

   لبیک اللھم لبیک کی صداؤں میں عازمین حج نے آج حج کا رکن اعظم یعنی وقوف عرفات ادا کیا۔ میدان عرفات میں لاکھوں حجاج نے اللہ تعالی سے مناجات کیں اور استغفار کہی۔

اس موقع پر مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا گیا جس میں امام الشیخ محمد بن حسن نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں متحد رہیں تاکہ انہیں درپیش مسائل سے مشترکہ کوششوں سے نمٹا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ  نبی کریم ﷺ نے مسلم امہ کو ایک جسم کی مانند قرار دیا، مومن اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں، ایک دوسرے کیلیے مغفرت کی دعا کریں، نماز قائم کریں اور برائی کو روکیں، اللہ نے انسانوں اور جنات کو اپنی عبادت کیلئے بنایا ہے۔

خطبہ حج میں مزید  کہا گیا کہ اسلام دین رحمت ہے ، انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے اور نفرتیں ختم کرے، رحم دلی سے آپس میں تعاون اور بھائی چارہ قائم کیا جائے ۔

خطبہ حج کے بعد حجاج نے میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نمازیں اکھٹی ادا کیں اور مزدلفہ کو روانہ ہوگئے

سورس : وی این ایس ، مکہ