وزیرِاعظم عمران خان سے  وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی  ملاقات

246

اسلام آباد ، 21 اگست (اے پی پی): وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو سہل اور سستے انصاف تک رسائی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور ان کی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری، سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم  اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وزیرِ قانون نے وزیرِاعظم کو مفادِ عامہ میں بنائے جانے والے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِ قانون نے بتایا کہ عوام کو ان کے حقوق  و دیگر معاملات کے بارے میں متعلقہ قوانین و ذیلی قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے پاکستان کوڈ کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کوڈ کے نام سے ایک ایپلیکشن بھی بنا لی گئی ہے جو جلد عوام کو ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہو گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیرِ قانون کی کاوشوں کو سراہا۔

 وی این ایس، اسلام آباد