اسلام آباد،27اگست(اے پی پی ):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے موجودہ فلیٹ میں جدید اور نئے طیارے شامل کرنے، مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں مہیا کرنے اورمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ادارے کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
اجلاس میں سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں کی بدولت ادارے کے خسارے میں مسلسل کمی آر ہی ہے۔ ملک میں ائیر ٹرانسپورٹ کا خاطر خواہ پوٹینشل موجود ہے جو کہ آئندہ بیس سالوں میں دوگنا سے بھی زائد تک بڑھے گا۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے جہاں ادارے کے منافع میں اضافہ ہوگا وہاں کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد،بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور معیشت کے حجم میں بتدریج اضافہ ہوابازی کی صنعت کے فروغ کے لئے نہایت موزوں ہے
اجلاس میں طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان کی جانب سے وزیر اعظم کو نئے جہازوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نہ صرف قومی ادارہ ہے بلکہ ملک کی پہچان ہے۔ ماضی کی منافع بخش ائیر لائن اور ہوابازی کے شعبے میں خطے کا سرکردہ ادارہ بد انتظامی اور غفلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوا۔ حکومت پی آئی اے کو منافع بخش اور فعال ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
اجلاس میں وزیر ہوابازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری ہوابازی شاہ رخ نصرت، سیکرٹری خزانہ نوید کامران، سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک، طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان و سینئر افسران شریک تھے۔
وی این ایس، اسلام آباد











