وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، مقبوضہ کشمیر ،افغانستان اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی:شاہ محمود قریشی

211

اسلام آباد ، 16 اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعہ کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا، امریکی صدر سے مقبوضہ کشمیر ،افغانستان اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں پاکستان کی تشویش اور خطے میں امن و استحکام کو درپیش خطرات  اور پاکستان کے موقف سے مفصل انداز میں آگاہ کیا، وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے حوالے سے  بھی پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وزیر اعظم نے واضح کیاکہ پاکستان ہمیشہ کی طرح افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے پر عزم ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جو کردار ادا کیا ہے وہ اس خطے کی بہتری کیلئے ادا کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور صدر ٹرمپ نے مسلسل رابطے جاری رکھنے  اور خطے کی صورتحال زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر پانچ مستقل ارکان کو اعتماد میں لینے کی غرض سے اب تک امریکہ،روس،چین اور برطانیہ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے جبکہ پانچویں مستقل رکن فرانس  کے صدر سے بھی رابطے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد