وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی بھارت کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے، پاکستان دو قدم بڑھائے گا: فواد چوہدری

174

کوپن ہیگن(ڈنمارک) 14 اگست ( اے پی پی ): وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا  ہےکہ وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی بھارت کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے، پاکستان دو قدم بڑھائے گا لیکن بھارت کشمیر کے علاقوں پر اپنا تسلط قائم کرنے کی مزموم سازش کر رہا ہے مگر کشمیریوں کے دلوں میں تو پاکستان رہتا ہے۔ کشمیریوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

کوپن ہیگن میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطہ میں امن کے  لیے  دو دہائیوں سے برسرپیکار ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطہ میں  امن کی خاطر افغان طالبان کو امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات پر آمادہ کرکے امن پسندی کا ثبوت دیا ہے۔ پاکستان ایک مستحکم افغانستان چاہتا ہے کیونکہ  پاکستان خطہ میں امن چاہتا ہے۔

پاک فوج کی قربانیوں کا حوالہ دیتے  ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی امن کی کوششوں کے باوجود روز پاک فوج کے جوان اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کر رہے ہیں۔ جہلم اور چکوال کا کوئی  ایسا قبرستان نہیں جہاں شہدا مدفون نہ ہوں، کوئی  گاؤں ایسا نہیں جہاں غازی نہ ہوں۔

اے پی پی/احسن عباس /قرۃالعین

سورس : وی این ایس ، ڈنمارک