امریکی صدر کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو، مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش

150

نیویارک ، 23 ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مل کر کام کریں گے۔

پیر کو وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہترین وزیراعظم اور اچھے دوست ہیں، عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں، وزیراعظم عمران خان خطے کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اچھے تعلقات ہیں اور میں دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش پر قائم ہوں۔

 کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ دنیا میں ہر ایک سے بہتر سلوک کیا جائے، امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کل کے جلسے میں جارحانہ زبان استعمال کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے افغانستان، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام خطے کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن آئے گا، پاکستان افغانستان میں امن کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بڑے ملک کے صدر ہونے کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائیں۔

وی این ایس، اسلام آباد