کراچی ، 19 ستمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں تحقیق و تجربات سے ہی علم کے میدان میں آگے بڑھا جا سکتا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوان نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں 19 ویں آئی ٹی سی این کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق و تجربات سے ہی علم کے میدان میں ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں، نوجوان نسل کو موجودہ دور کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اشد ضروری ہے تاکہ وہ اقوام عالم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو سکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا معاون کردار احسن انداز میں ادا کر سکیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معاشی استحکام کے لئے سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دے رہی ہے جبکہ کاروباری مواقع میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری مواقع کی آسانی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہایت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
صدر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر سے دہشت گردی سمیت دیگر جرائم کی شرح پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سورس: وی این ایس، کراچی