سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا،پاک۔سعودی تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں:وزیراعظم عمران خان

184

جدہ، 19 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاک۔سعودی تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں، سعودی عرب کے دورہ کا مقصد اقوام متحدہ جانے سے قبل سعودی لیڈرشپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو سعودی عرب میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرا مقصد اقوام متحدہ جانے سے پہلے سعودی لیڈرشپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا، ہم نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستانی قائداعظم محمد علی جناح نے پہلے سے بھانپ لیا تھا کہ مسلمانوں کو ہندوستان میں اپنے حقوق نہیں ملیں گے جو کہ آج مودی کے اقدامات سے ثابت ہو چکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں ہمارے بھائی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ بن گیا ہے اور پوری دنیا ہمارے بیانیہ کو مان گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے ہماری حمایت کی ہے اور یو این میں اس مسئلہ کو پرزور انداز میں اٹھائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرضوں کے بوجھ میں دبی معیشت ورثہ میں ملی تھی، ہر شعبہ میں اصلاحات لا رہے ہیں، کافی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے قانونی اصلاحات لا رہے ہیں تاکہ ان کے سرمایہ کو تحفظ حاصل ہو، ہماری حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ترغیب ملے۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد