سی ڈی اے کیجانب سے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت خود رو جھاڑیوں اور گھاس کو تلف کرنے کا سلسلہ جاری

259

اسلام  آباد،12ستمبر  (اے پی پی ): کیپٹل ڈویلپمنٹ فنڈ اتھارٹی (سی ڈی اے ) کیجانب سے کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں شہر کے زیادہ تر علاقوں میں  بڑھی ہوئی گھاس اور جھاڑیوں کا خاتمہ کر نے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے گرین کور میں اضافے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں شجر کاری کا سلسلہ  جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد انتظامیہ اور انوائرنمنٹ ونگ نے ایف نائن پارک میں  شجر کاری  کا آغاز کیا جس  کے تحت  صرف ہفتے کے روز ایف نائن پارک میں  ایک  ہزار پودے لگائے گئے جن میں 300 پودے پلکان، 300 پودے سکھ چین، 200 پودے کچناراور 200 پودے ارجن کے لگائے گئے۔ آئی سی ٹی انتظامیہ ایف نائن پارک میں شجر کاری کے لیے مزید 1000 پودوں کا انتظام بھی کر رہی ہے۔

مہم کے تحت شہر کے مختلف  علاقوںسمیت مارکیٹوں اور تجارتی مراکز سے جھاڑیوں اور خود رو گھاس کا خاتمہ  بھی کیا گیا ۔مزید برآں شہر کے مختلف علاقوں میں واقع امام بارگاہوں کے اطراف پر واقع درختوں کی کانٹ چھانٹ کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ خود رو جھاڑیوں اور جنگلی گھاس کو تلف کرنے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

مہم سے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے جہاں مختلف اداروں جن میں سی ڈی اے،ایم سی آئی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے درمیان موئثر رابطے کو یقینی بنانا اہم ہے وہاں اسلام آباد کے صاف ستھرے اور سر سبز و شاداب شہر کے درجے کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے کی جانے والی مہم کی موئثر نگرانی اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

سورس:وی این ایس،اسلام آباد