لاہور،7 ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کا قومی ہیرو کے محور پر کردار قوم کے سامنے ہے جس پر ہمیں فخر ہے ٗانہوں نے کرکٹر ہوتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج کرکٹ کے ذریعے ا جاگر کیا ٗجنگ ستمبر کے ہیروز کو یاد کرنے کے موقع پر 6ستمبر کو ایک اور قومی ہیرو ہم سے بچھڑ گئے اور جس سے ان کا نام بھی قومی ہیروز کی فہرست میں شامل ہو گیا اور 6ستمبر جب تک منایا جائے گا اور جب جب ہم 65ء کے قومی ہیروز کو یاد کریں گے وہاں قوم عبدالقادر کو بھی فراموش نہیں کریں گے۔
وہ ہفتہ کے روز لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کی رہائش گاہ پر ان کی فیملی سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عبدالقادر مرحوم نے اپنی مٹی سے رشتہ کو مرتے دم تک برقرار رکھا اور جہاں سے انہوں نے جنم لیا اسی مٹی کا قرض ادا کرتے کرتے مٹی کے اندر چلے گئے لیکن انہوں نے یہ جگہ نہیں چھوڑی۔ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ کوئی فرد یا کوئی شخصیت پاکستان کے ساتھ محبت کرنے والا جو اپنی کاذ کے لئے جیتا ہے اس کا فوکس اور محور اپنی کاذ ہوتی ہے ذات نہیں۔ وہ قومی ہیرو مر کر بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر مرحوم نے دنیا بھر میں اپنی پہنچان بنائی اور اپنے منفرد انداز سے دنیا کو حیران کئے رکھا، دنیا میں جہاں جہاں کرکٹ اور انسانیت سے پیار کرنے والے موجود ہیں وہ عبدالقادر کی شخصیت کے سحر میں قید ہیں اسی طرح سوشل میڈیا ٗ بین الاقوامی میڈیا اور بین الاقوامی سطح پر جس انداز میں انہیں محبت اور پذیرائی ملی یہ انوکھا اعزاز بھی اس قومی ہیرو کو اللہ تعالی کی طرف سے مرتے ہوئے ملا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے عبدالقادر مرحوم کی فیملی کو یہ باور کروانا چاہتی ہوں کہ جو دلوں میں زندہ رہتے ہیں وہ مر کر بھی اپنے اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہیں اور ان کی اولاد ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے جس کو آگے بڑھنا چاہیے۔قبل ازیں معاون خصوصی ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے عبدالقادر مرحوم کی فیملی سے اظہار تعزیت کیاٗ فاتحہ خوانی کی ا ور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔
سورس: وی این ایس، لاہور











