اسلام آباد ، 7 ستمبر (اے پی پی) : پاکستان اور چین نے خطے میں قیام امن کیلئے مل کر کام کرنے اور روابط کو مزید فروغ دینے پراتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے ہفتہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے مابین یہاں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ چینی وزیر خارجہ سہ فریقی مذاکرات کے سلسلے میں ہفتہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے مل کر کام کرنے اور روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف لانے پر اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دیرینہ مستحکم اور لازوال ہے جبکہ پاک چین دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ دورہ پاکستان اسلئے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کہ ہم تاریخ کے ایک نازک موڑ سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات نے پورے خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔5 اگست سے ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت ، مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











