مسئلہ کشمیر پر دنیا پاکستان کے موقف کو سپورٹ کر رہی ہے: علی امین خان گنڈاپور

179

نیویارک ، 24ستمبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا  ہے کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا پاکستان کے موقف کو سپورٹ کر رہی ہے، وزیر اعظم  نے ہیوسٹن میں دنیا کو پیغام دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرائیں جائیں  ۔نیویارک میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں علی امین خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ عالمی رہنماوں اور اداروں کے سربراہاں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے عالمی دنیا میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم محض تقاریر نہیں بلکہ متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہیں ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ پاکستان اور بھارت ایٹمی ممالک ہیں ، مسئلے کے حل کے لیے دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

 علی امین گنڈاپور نے کہاکہ 27 ستمبر کو کشمیریوں اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نیویارک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے گی ۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہاکہ میرپور آزادکشمیر میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر گہرا دکھ ہوا ہے ، آزاد کشمیر کی انتظامیہ سے رابطہ میں ہوں ، امدادی کاروایاں جاری ہیں ،  ریسکیو سروسز کو تیز کرنے اور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ نقصان میرپور میں ہوا ہے، دوردراز علاقوں سے ممکنہ نقصانات کا پتا چلایا جا رہا ہے ۔ہسپتالوں میں زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔

وی این ایس، اسلام ٓباد