سری لنکن کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

216

کراچی، 24 ستمبر (اے پی پی):سری لنکن کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی، منگل کو کراچی پہنچنے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہمراہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام بھی پہنچے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور دیگر آفیشلز نے ٹیم کا استقبال کیا۔ پی سی بی نے سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو مکمل پروٹوکول اور سیکوریٹی میں ہوٹل پہنچایا جہاں مہمان ٹیم کا پرتباک استقبال کیا گیا۔

سری لنکن ٹیم پاکستان کی خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر 2019ء کو کھیلے جائیں گے جبکہ تین ٹی 20 میچوں کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں مہمان ٹیم کی قیادت لیہارو تھریمانے کریں گے جبکہ لاہور میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں ڈاسون شناکا مہمان ٹیم کے قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

سری لنکن ٹیم اور پاکستانی ٹیم (آج) بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ جمعرات کو بھی ٹیموں کا پریکٹس سیشن ہوگا جس کے بعد جمعہ کو کراچی میں پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔

وی این ایس، کراچی