وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے:شاہ محمود قریشی

215

نیویارک، 21 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سات روزہ دورہ امریکہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے، وزیر اعظم   اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر اعظم فناشل ورلڈ کے اہم لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بتائیں گے کہ کس طرح بڑے ممالک کو منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے کی ترسیل ہوتی ہے اور تیسری دنیا کے ممالک غربت کا شکار ہوتے ہیں، صدر ٹرمپ سے بھی وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات متوقع ہے۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک کشمیری وفد سے ملاقات کریں گے اور ان کے تاثرات لیں گے اور ان سے مشاورت کی  بنیاد پر ہم اپنی مصروفیات جاری رکھیں گے،وزیر اعظم  اقوام متحدہ  کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے  موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے،اس کے علاوہ تھنک ٹینکس کے ساتھ بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہاں کے دو معروف تھینک ٹینک سایشیا سوسائٹی اور کونسل فار فارن ریلیشنز سے بھی وزیر اعظم ملیں گے اور تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی، ملائشیا اور پاکستان مل کر ایک سہ ملکی اجلاس اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ احساس پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم گفتگو کریں گے کیونکہ دیرپا ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے احساس پروگرام بہت اہم ہے،اس کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم اظہار خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی اہم ملاقاتیں ہوئیں اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،جہاں پاکستان نے ان سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے وہاں ان سے یہ بھی کہا ہے کہ ایسا فیصلہ عجلت میں نہیں کرنا چاہیے جس سے خطے کا امن متاثر ہو۔

سورس: وی این ایس، اسلا م آباد