وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی آئرلینڈ کے وزیر خارجہ وتجارت سائمن کوفینی سے ملاقات

161

نیویارک ، 25 ستمبر (اے پی پی) : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر آئرلینڈ کے وزیرخارجہ وتجارت سائمن کوفینی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، آئرلینڈ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ آئرلینڈ میں بہت سے پاکستانی ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی ماہرین اور کاروباری شخصیات ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ انتہائی تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور وہاں نو لاکھ فوجی تعینات کر کے نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات، اقوام متحدہ  کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ پچاس روز سے جاری  کرفیو کے باعث ادویات اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ آئرلینڈ سمیت عالمی برادری کو خطے میں جنم لیتے اس انسانی المیے کی روک تھام کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

وی این ایس ،  نیو یارک