وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے ملاقات

154

نیویارک ، 25 ستمبر (اے پی پی) :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دورا ن مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت  اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہاکہ  پاکستانی عوام کے دلوں میں یو اے ای اور بالخصوص شیخ زید بن سلطان النہیان کے لیے خصوصی محبت اور احترام پایا جاتا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادں کے منافی ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی صریحاً خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں ہندوستان نے بیس لاکھ بنگالی مسلمانوں کی رجسٹریشن اچانک ختم کر کے انہیں اپنے ہی ملک میں در بدر بنا دیا ہے۔ بھارت نے گذشتہ پچاس روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل ہیوسٹن میں ہزاروں افراد نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا جن میں ہندو کانگریس کے ممبران بھی احتجاج میں شامل تھے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف، دنیا بھر سے آوازیں آٹھ رہی ہیں حتی کہ کانگریس کے ممبران بھی  کھل کر بھارتی بربریت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ  مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان، عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر بھی  اتفاق کیا۔

وی این ایس ، نیویارک