وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ارجنٹائن کے وزیر خارجہ سے ملاقات

156

نیویارک، 26 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ارجنٹینا کے وزیر خارجہ جارج فوری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی امور پر پاکستان اور ارجنٹینا کے نقطہ نظر میں خاصی مماثلت پائی جاتی ہے، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے بھی پاکستان اور ارجنٹینا کے موقف میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ارجنٹائنی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں َ سے آگاہ کیا۔

 انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر  وہ دیرینہ مسئلہ ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل َکے ایجنڈے پر موجود ہے۔ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے اقدامات یکطرفہ اور بین الاقوامی قوانین کے سراسر منافی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں سے روگردانی کرتے ہوئے، مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

انہو ں نے کہا کہ بھارت نے گذشتہ باون روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ لوگوں کو کرفیو کے ذریعے محصور بنا رکھا ہے،نہتے کشمیری کسمپرسی کے عالم میں عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ نے  دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر روابط َاور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وی این ایس،نیو یارک