پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

159

اسلام آباد ، 27 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے بچانے کیلئے فن لینڈ سمیت عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے  کوئی جعلی فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔

جمعہ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر  فن لینڈ کے  اپنے ہم منصب  تیمو سوئینی سے ملاقات  کے دوران دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے  فن لینڈ کو مسلسل تیسری مرتبہ  یورپی یونین کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکبا د دی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر کے 80 لاکھ کشمیریوں کو پچھلے 53 روز سے محصور کر رکھا ہے۔ذرائع مواصلات پر پابندی کے سبب اصل حقائق سامنے نہیں آرہے لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا جو رپورٹس سامنے لا رہا ہے وہ انتہائی المناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 53 روز سے مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی “فالس فلیگ آپریشن” جیسا ناٹک رچا سکتا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے بچانے کیلئے فن لینڈ سمیت عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر روابط و مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد