پی ٹی آئی  کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب  برپا کرے گا: وزیر اعظم عمران خان

209

اسلام آباد، 11 ستمبر ( اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب  برپا کرے گا۔نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے  اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں شرکاء کو صوبہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر تفصیلی بریفنگ  دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا بلکہ ان فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ   تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے جہاں عوام الناس کو اہل اورقابل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وہاں سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔اسی طرح بااخیتار منتخب نمائندگان بلا رکاوٹ اپنی بھرپور توانائیاں اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے میں صرف کر سکیں گے۔

اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ  فرمان، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان،  ممبرقومی اسمبلی اسد عمر، صوبائی وزیرِ خزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ شہرام خان تراکئی و سینئر افسران شریک ہوئے ۔

وی این ایس ، اسلام آباد