یوم دفاع غیور اور بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

252

 اسلام آباد ،06 ستمبر (اے پی پی ):  وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ    یوم دفاع غیور اور بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ یہ پاکستان کی عسکری تاریخ کا یادگار اور شاندار دن ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر بیان دیتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا  کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور دفاعی حصار ہے،کشمیریوں کے موقف کا دفاع پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں جنگ ستمبر کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی،سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ آج کا دن شہداء اور غازیوں کا دن ہے ۔ ہم اپنے غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے  ہیں جنہوں نے جرات و شجاعت کی انمول تاریخ رقم کی۔ہمارے شہداء قوم کا فخر ہیں ۔

معاون خصوصی  نے آج کے دن کو تجدید عہد کا دن  قرار   دیتے ہوئے کہا  کہ ہم جنگ ستمبر کے جذبے سے سر شار ہوکر اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کے ساتھ پاکستان کو فلاحی اور ناقابل تسخیر قوت بنائیں گے۔ ہمیں 1965 والے جذبے اور بے مثال اتحاد کی ضرورت ہے کیونکہ یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارے مظبوط عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد