ریاض ،15 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور خطے کی امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایک ماہ کے اندر دونوں رہنماوں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، حرمین کے تقدس اور حرمت کیلئے پاکستانی قوم یک آواز ہے۔ وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ہندوستان کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات، کشمیری عوام پر ظلم وستم اور اس سے علاقے کی سیکورٹی کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے وسیع تر خطے میں سیکورٹی کی صورتحال اور امن و امان کی کوششوں پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وی این ایس،ریاض