احسن اقبال صاحب !عوام کو احتجاج پر اکسانے کے بجائےاپنے قائدین میں صلح کروائیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

274

اسلام آباد ، 16 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احسن اقبال صاحب! عوام کو احتجاج پر اکسانے کی بجائے اپنے قائدین میں صلح کروائیں، لٹیرا لیگ اور جعلی اکاؤنٹس پارٹی دونوں اوپر سے مولانا کے ساتھ اور اندر سے خلاف ہیں۔

سماجی رابطہ کی  ویب سائٹ  پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی دو دو زبانیں ہیں، ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے والے آج کس منہ سے بھاشن دیتے ہیں، ان کو تکلیف یہ ہے کہ نئے پاکستان میں قانون پر عمل داری اپنا رنگ دکھا رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ اور آپ کی قیادت کو ذاتی خاندانی معاشی ترقی سے فرصت ملتی تو ملکی معیشت کی بہتری کا سو چتے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسے کے معصوم بچوں کو سیاسی بھٹی کا ایندھن بنانے والے جان لیں کہ ان کے ساتھ نہ تو عوام ہیں اور نہ ہی اب پٹواری اور تھانے دار کا ساتھ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پارلیمان کی بالادستی کے اصول کہاں ہیں، ان کے لیے صرف وہ پارلیمان بالادست ہے جس میں یہ خود موجود ہوں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد