پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو یورپین یونین کے حوالے سے خاص اہمیت دیتا ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

181

اسلام آباد ، 16 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو باہمی تناظر اور یورپین یونین کے ڈھانچے میں اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے عوام کے مابین رابطے کے لئے کلیدی کردار ادا کریگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو یہاں پرتگال کے سفیر پاﺅل نیویس پیچنی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی نے میڈیا ،انفارمیشن اور کلچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے صحافی ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے آگاہ ہوسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان سیاحوں کے لئے پرکشش مقامات کے طور پر ابھرتا ہوا ملک بن رہا ہے ۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس کی ثقافت ،تنوع تہذیب قدیم ہے ،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع اور سیاحت کے شعبے میں بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں کیونکہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر اور ویزا پالیسی میں نرمی اور بہتری لائی گئی ہے ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا جن میں مسلسل لاک ڈاﺅن ،مواصلات کی بندش ،ناکہ بندیاں اور مسلسل کرفیو شامل ہے ۔

انہوں نے کشمیریوں کی حمایت میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان بے گناہوں کی آواز سنیں جو محاصرے میں ہیں اور ان کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔

پرتگال کے سفیر نے کہا کہ پرتگال ان پہلے ممالک کی فہرست میں شامل ہے جس نے قیام پاکستان کے فورا بعد اسے تسلیم کیا اور پرتگال باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے ۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد

download