انجینئرزملک کو توانائی میں خود کفیل بنانےاور پانی کے ضیاع کو روکنےکے لئے اپنا کردار ادا کریں:صدر مملکت

138

اسلام آباد ، 14 اکتوبر (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا میں سائنسی اعتبار سے بہت سی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، وہی قومیں کامیاب ہوں گی جو خود کو تبدیلی سے ہم آہنگ کریں گی،تعلیم تربیت اور اخلاق تک محدود نہیں، یہ معاشرے کے تناﺅ کو دور کرنے کا بھی ذریعہ ہے، پاکستان میں پانی کے ضیاع کو روک کر استعمال کے لئے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے، معاشرے میں معاشی بے ضابطگیوں کو ختم کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں دوسری بین الاقوامی انجینئرنگ ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 100 سے زائد یونیورسٹیاں انجینئرنگ کی تعلیم دے رہی ہیں۔ یونیورسٹی میں انجینئرز کی مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیے۔ انجینئرزملک کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلم میں ملک کا خطیرسرمایہ خرچ ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے شعبہ میں بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اور اس کے لئے انجیئرز اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں پانی کے ضیاع کو روک کر استعمال کرنے کے لئے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں سیوریج کا ساڑھے 4 سو ملین گیلن پانی سمندر میں پھینکا جا رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ صفائی کے انتظامات بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ توانائی کے لئے ڈیمز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بھی اقدامات کرنا ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ میں ایک ملین گیلن پانی صاف کرنے کے لئے ایک میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہمارے لئے بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ سماجی شعبو ں کا انجینئرنگ سے گہرا تعلق ہے اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ہمیں اس حوالے سے آگاہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سائنسی اعتبار سے بہت سی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہوں گی جو خود کو تبدیلی سے ہم آہنگ کریں گی۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سافٹ ویئر کے شعبے میں ترقی اور برآمدات بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔ معاشرے میں تفریق تناﺅ کا باعث بنتی ہے اور اس تناﺅ کے خاتمے کے لئے سماجی اقدار کو عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو بہت عرصہ تک منافع والے ایسے منصوبوں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے جن کا غریب افراد سے تعلق کم تھا۔ معاشرے میں معاشی بے ضابطگیوں کو ختم کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہاں پر انجینئرز کی گریڈ 19 کے بعد ترقی کے معاملے پر بات کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں یہ معاملہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور انہیں بھجوایا جائے تا کہ اس پر غور کیا جائے۔

 وی این ایس، اسلام آباد

Dwnload video