وزیرِ اعظم کی  مصنوعی طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کی ہدایت

128

اسلام آباد ، 14 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی کابینہ نے سی ڈی اے کو دو سال میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تیاری کی ہدایت کی ہے، وزیرِ اعظم نے مصنوعی طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے، متروکہ املاک کے ساتھ ساتھ اوقاف کی جائیدادوں کو سماجی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے کے لئے بھی پلان تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے، وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، یہ او آئی سی کے ممالک کو اکٹھا کرنے کی کوشش ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو متروکہ وقف املاک بورڈ کی جائیدادوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ لینڈ بنک (میسر زمین) ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، ان املاکوں کو بروئے کار لا کر معیشت کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ماضی میں ایک سابق وزیرِ اعظم کی جانب سے حکم جاری کیا گیا کہ متروکہ املاک کو طویل مدتی لیز پر نہ دیا جائے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے متروکہ املاک کی زمینوں کو لیز پر لینے اور کمرشل سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے میں دلچسپی لینا چھوڑ دیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ متروکہ وقف کی 5801 ایکڑ اراضی غیر قانونی قبضے میں تھی جس میں سے گزشتہ ایک سال میں 1262 ایکڑ اراضی واگذار کرائی جا چکی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متروکہ املاک کی تمام املاک اور جائیدادوں کا جائزہ لیا جائے اور شہری اور دیہی جائیدادوں کے لئے بزنس پلان تشکیل دیا جائے تاکہ ہر املاک کے بہترین بروئے کار لانے کے لئے مفصل پلان تشکیل دیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان جائیدادوں کو سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور رہائشی استعمال میں لانے کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متروکہ املاک کے ساتھ ساتھ اوقاف کی جائیدادوں کو سماجی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے کے لئے بھی پلان تشکیل دیا جائے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کی معاونت سے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 02اکتوبر 2019کے اجلاس میں لئے جانے والے فیصلوں کی توثیق کی۔

 معیشت کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کابینہ اراکین پر زور دیا کہ ملکی حالات اور خصوصاً معاشی حالات اور معیشت کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے فیصلوں اور انکے ثمرات کے بارے میں عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ کابینہ میں روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

 وزیرِ اعظم کو جمعہ کے روز روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیاءکی قیمتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی جس میں صوبوں کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ مصنوعی طور پر قیمتوں میں ناجائزاضافہ کرے یا قیمتوں میں اضافہ کرنے کے لئے ذخیرہ اندوزی کرے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مصنوعی طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے۔

توانائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کابینہ کو بتایا گیا کہ متبادل توانائی کی پالیسی کا مجوزہ مسودہ تیار کیا جا چکا ہے جو کہ جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 04 اکتوبر 2019 کے اجلاس میں لئے جانے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی تجویز آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کر دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ زندگی بچانے والی ادویات اور انکی مناسب قیمت میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 کابینہ نے ادویات کی تیاری میں معیار کو یقینی بنانے والے ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کے لئے دس سالہ تجربے کی شرط کو کم کرکے چھ سال کرنے کے حوالے سے تجویز پر ہدایت کی کہ معاون خصوصی برائے صحت اور معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اس حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کا جائزہ لیں۔ وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر عصمت طاہرہ کو منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے ایس مسعود اے نقوی کو ممبر سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج پالیسی بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ 2018کے تحت بورڈ آف اتھارٹی کے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی۔

وی این ایس ، اسلام آباد