حکومت نوجوانوں کوان کے اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے:وزیراعظم کا کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

166

اسلام آباد ، 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10 لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر 100 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے، 25 فیصد قرضے خواتین کیلئے ہونگے، ایک لاکھ کا قرضہ بلاسود دیا جائے گا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تربیت دیں گے۔

جمعرات کو کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کامیاب جواب پروگرام کے پہلے مرحلے کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا میں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن میں میرٹ کا نظام ہوتا ہے، کامیاب جوان پروگرام کا خاصہ میرٹ ہے، ہم چاہتے ہیں میرٹ سب سے پہلے ہو، میرٹ ہی جمہوری نظام کا خاصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں میرٹ پر عمل پیرا اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کو نظر انداز کئے جانے سے ملکی مسائل نے جنم لیا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ترقی کے لئے ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ اہداف بڑے رکھنے ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں امارت اور دولت کی بنیاد پر زندہ نہیں رہا جا سکتا، انسانیت کی خدمت ہی تاریخ میں اہم مقام دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑا انسان بننے کےلئے حضرت محمد کی زندگی کو بار بار پڑھنا ہو گا، کوئی بھی انسان حضرت محمد کے پاﺅں کی خاک کے برابر نہیں پہنچ سکتا، حضور کی تعلیمات نے انسانی تاریخ میں انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کےلئے پہلے سوچ میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کامیاب پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں نوجوانوں کے لئے سو ارب روپے کے قرضے رکھے ہیں، 25 فیصد خواتین کے لئے ہوں گے، ایک لاکھ تک قرضہ سود کے بغیر دیا جائے گا، 45 اضلاع میں پسماندہ طبقوں کو قرضے دیئے جائیں گے، دس لاکھ نوجوانوں کو قرضہ دینا ہمارا ہدف ہے، یہ تمام قرضے میرٹ پر اور کسی سفارش کے بغیر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بہت بڑی طاقت ہیں، نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے دس ارب روپے خرچ کیا جائے گا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی ٹریننگ دیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا، ہمیں اپنا ذہن بدلنا ہو گا، بھیک مانگ کر اور قرضے لے کر قومیں نہیں بنتیں، ہمیں اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہو گا، خوددار قوم بننا ہے تو ٹیکس دینا پڑے گا۔

 اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار سمیت وفاقی و صوبائی کابینہ کے ارکان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد

Download