اسلام آباد، 02 اکتوبر ( اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بھر پور انداز میں تیاری کرنا ہو گی۔ دفتر خارجہ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور ان کی کارکردگی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔اکنامک ڈپلومیسی ہماری اہم ترین ضرورت ہے، ہمیں معاشی خود انحصاری کیلئے اکنامک ڈپلومیسی کو بروئے کار لانا ہو گا۔
وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 12مشنز ابتدائی طور پر ہم نے سلیکٹ کیے ہیں جہاں ہم فارن آفس ویڈیو سروس شروع کر رہے ہیں تاکہ ربط کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران جانفشانی سے کام کرتے ہیں ،یہاں رات گئے تک کام ہوتا ہے یہ واحد وزارت ہے جہاں ہفتہ وار چھٹیوں کا کوئی رواج نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے نزدیک گریڈ کی نہیں کارکردگی کی اہمیت ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران بطور اسٹنٹ ڈائریکٹر آتے ہیں اور یہیں سے بطور سیکرٹری ریٹائر ہوتے ہیں یہی اس سروس کی خوبصورتی ہے۔مشاورتی کونسل کا قیام ہمارا بہت احسن اقدام تھا اس کے ذریعے ہمیں بہت رہنمائی ملی اور مل رہی ہے۔انہوں نے آگاہ کیا ہمیں زیر تربیت افسران کو پڑھائے جانے والے کورسز کو دیکھنا ہو گا اور انہیں بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا جبکہ ہمارے وہ افسران جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوسٹنگ صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گی۔
مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وزارت خارجہ کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر سیل کا قیام ہماری اہم ضرورت تھی آج اس کا چوتھا اجلاس وزارت خارجہ میں ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ میں نادرا سے ایک خصوصی ایپلیکیشن بنوا رہا ہوں جس کے ذریعے وزارت خارجہ کے تمام افسران میرے ساتھ منسلک ہو جائیں گے اور میری توقع ہو گی کہ افسران رینک اور گریڈ سے بالاتر ہو کر مجھے تجاویز دیں کہ کیسے ہم اس سروس کو مزید نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔
وی این ایس ، اسلام آباد











