اسلام آباد ، 28 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ابھی لاڑکانہ میں شکست کے صدمے سے باہر نہیں آئے، اب سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا بوریا بستر گول ہے، زرداری کی بیماری میں حکومت کا کیا قصور، حکومت ٹیکس دہندگان کے پیسے سے ان کا علاج کرا رہی ہے۔
پیر کو بلاول بھٹو زرداری کے الزامات کے حوالے سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی تک لاڑکانہ کی ہار کے زخم چاٹ رہے ہیں اور اس صدمے سے باہر نہیں آئے، یہ بہکی بہکی باتیں اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ شدید صدمے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو پتہ چل گیا ہے کہ اب سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا بوریا بستر گول ہے کیونکہ عوام انہیں مسترد کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آصف علی زرداری اگر بیمار ہیں تو حکومت کا کیا قصور؟ حکومت ٹیکس دہندگان کے پیسے سے ان کا علاج کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات میں گرفتار افراد کا علاج بھی قوم کا نقصان ہے۔ قوم کا نقصان کرنے والے تاریخ کے بھی مجرم رہیں گے۔
وی این ایس، اسلام آباد











