اسلام آباد، 29اکتوبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قبول کرتی ہے۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کیس میں حکومت پاکستان مدعی نہیں تھی، نیب اس کیس میں مدعی تھی۔ عدالت کے پاس سزا کو معطل کرنے کا اختیار ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا کام نوا ز شریف کو بہتر علاج معالجہ کی سہولت دینا تھا جو ہم نے دی ہے،ڈاکٹرز کے بورڈ اور نیب کے نقطہ نظر کے مطابق عدالت نے فیصلہ دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے بیرون ملک جانے کی درخواست عدالت میں نہیں آئی،حکومت کے پاس دل میں چھپے راز جاننے کا کوئی نظام نہیں،جب عدالت حکومت سے پوچھے تو پھر ہم جواب دیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ میاں صاحب اس دوران اپنے علاج پر توجہ دیں گے، ہم صحتمند نواز شریف کو اپنا سیاسی حریف دیکھنا چاہتے ہیں،ہم جمہوری لوگ ہیں، سیاسی مقابلہ سیاسی اکھاڑے میں کریں گے۔
وی این ایس، اسلام آباد











